افغانستان میں درجن سے زائد مسلح حملہ آوروں نے جلال آباد کی ایک جیل پردھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق پہلے حملہ آوروں نے جلال آباد کی پی ڈی-4 جیل کے مرکزی کے دروازے پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی جس کے بعد مسلح افراد نے تھانے پر دھاوا بول دیا۔ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ 13 گھنٹے سے جاری ہے اور اس دوران حملہ آور جیل کے سامنے شاپنگ مال میں مورچہ زن رہے اورکچھ جیل کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
دو طرفہ جھڑپ میں 21 شہری اور3 حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ 42 افراد زخمی ہیں۔ جھڑپ کے دوران 700 قیدی فرار ہوگئے تاہم انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
افغان وزارت داخلہ نےجلال آبادمیں ہونےوالےدھماکے کی تصدیق کی ہے لیکن انہوں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش سے ہے جبکہ افغان طالبان نے خود کو حملے سے بری قرار دیدیا۔
ایک افغان کمانڈوکے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 20 سے زائد ہوسکتی ہے۔ جس جیل پر حملہ کیا گیا وہاں 1500 سے زیادہ قیدی اسیر ہیں۔ طالبان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے تاہم کسی اور گروپ نے بھی تاحال حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی.