اظہرعلی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جیت کیساتھ سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گے۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے مانچسٹرسے ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان، مشتاق اور مصباح الحق کی رہنمائی حاصل ہے لیکن وہ ہم پر فیصلے مسلط نہیں کرتے،بطور کپتان کوئی دقت محسوس نہیں کرتا، میری ذاتی کارکردگی میں تسلسل نہیں رہا،اس کا احساس ہے، محنت کررہا ہوں۔
اظہر علی نے کہا کہ اسد شفیق اور میری کارکردگی اہمیت کی حامل ہوگی، کورونا کیساتھ چلنا پڑے گا، کرکٹرز کھیلنا چاہتے تھے، دونوں بورڈ نے سیریز کا فیصلہ کیا، سب نے کیمپ کا لطف اٹھایا،انگلش ٹور مشکل ہوتا ہے لیکن ماضی کی عمدہ کارکردگی کا حوصلہ ملے گا۔
اظہرعلی کا کہنا تھا کہ بیٹنگ میں تجربہ زیادہ ہے،ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، ٹیسٹ میں کسی شعبے کو نظر انداز نہیں کرسکتے،اچھا ٹوٹل کریں تو بولنگ میں اتنے وسائل ہیں کہ میچ جیت سکیں، اسپن کا رول اہم ہوگا، یاسر شاہ کئی بار اپنی افادیت ثابت کرچکے، دو اسپنرز کیساتھ میدان میں اتر سکتے ہیں۔
اظہرعلی نے مزید کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں جیت کیساتھ سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گےجیسی بھی کنڈیشنز ہوں، اچھی بیٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے، بولنگ میں تجربہ کم لیکن پرجوش اورباصلاحیت بولرز بہتری کارکردگی دکھانے کیلیے تیار ہیں، کوئی خوف لیے بغیر جیت کے جذبے سے میدان میں اتریں گے۔