انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے ہرا دیا، میچ کا فیصلہ چوتھے روزہی ہوگیا۔
مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہوئی جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کیل8ے 277 رنزکا ہدف ملاتھا جو اس نے7 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں ہدف کا تعاقب روری برنس اور ڈوم سبلے نے شروع کیا تاہم 22 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلادی جب انہوں نے روری برنس کو 10 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔
انگلینڈ کی دوسری وکٹ 86 پر گری جب ڈوم سبلے 36 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ 96 کے اسکور پر جوئے روٹ بھی 42 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
یاسر شاہ نے بین اسٹوکس کو 9 اور شاہین آفریدی نے اولی پوپ کو 7 پر آؤٹ کرکے پاکستان کو جیت کی امید دلائی اور اس موقع پر 117 کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔
اس موقع پر پاکستانی بولرز ڈھیلے پڑ گئے اور جوز بٹلراور کرس ووکس نے چھٹی وکٹ پر139 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کرکےمیچ پاکستان کی پہنچ سے دور کردیا۔
انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 256 کے اسکور پر گری جب جوز بٹلر 75 رنز بناکر پویلین لوٹے تاہم وہ اپنا کام بخوبی انجام دے گئے۔ اس کے بعد اسٹیورٹ براڈ 7 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوگئے۔
کرس ووکس 84 رنز بناکر ناقابل شکست رہے اور ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں پر حاصل کرلیا اورسیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یوں مجموعی طور پر انہوں نے میچ میں 8 شکار کیے۔
دوسری اننگز میں نسیم شاہ، محمد عباس اور شاہین آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ کرس ووکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز سے دوبارہ شروع کی اور آخری دو وکٹوں نے 32 قیمتی رنز جوڑے۔
دن کے آغاز میں ہی یاسر شاہ نے جارحانہ اننگز کھیلی لیکن 158 رنز کے مجموعے پر وہ 33 قیمتی رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہو گئے۔ نسیم شاہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عباس 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں اسٹیورٹ براڈ نے 3، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوفرا آرچر اور ڈوم بیس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں مانچسٹر ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے شان مسعود کے شاندار 156 رنز اور بابراعظم کے 69 رنز کی بدولت 326 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور اس طرح پاکستان کو انگلینڈ پر پہلی اننگز میں 107 رنز کی سبقت حاصل ہوئی تھی۔