واقعے کی ذمے داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔فوٹو سوشل میڈیا
واقعے کی ذمے داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔فوٹو سوشل میڈیا

چمن میں بم دھماکا۔5 افراد جاں بحق،17 زخمی

چمن میں ڈی پی او آفس کے قریب دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور17 زخمی ہوگئے، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ بارودی مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریب موجود گاڑیوں کے علاوہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دہشت گردوں کا ہدف اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی میں بیٹھے اعلٰی افسران تھے۔ پولیس اور لیویز فورس نے متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

واقعہ کے بعد پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے کر واقعہ سے متعلق شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔

وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے چمن دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش ہے، شر پسند عناصر کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے چمن دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پرافسوس کا اظہارکیا، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

واقعے کی ذمے داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد باراس مقام پرایک درجن کے قریب بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں درجنوں افراد شہید وزخمی ہوئے ہیں۔