سپریم کورٹ نے نیب تحقیقات کے حکم کیخلاف صوبائی حکومت کی اپیل منظورکرلی۔فائل فوٹو
سپریم کورٹ نے نیب تحقیقات کے حکم کیخلاف صوبائی حکومت کی اپیل منظورکرلی۔فائل فوٹو

کفرٹوٹا خدا خدا کرکے۔آخرکار پشاور میٹرو چل پڑی

پشاور کے شہریوں کیلیے بڑی خبرآگئی،بالآخرپشاور میٹرو بس سروس چل پڑی۔

تحریک انصاف حکومت کا پشاور میں جدید سفری سہولت کا میگا منصوبہ بی آر ٹی آخرکار مکمل ہوگیا جس کا وزیراعظم عمران خان نے افتتاح کردیا۔اس منصوبے کے افتتاح کی کئی تاریخیں دی گئی جبکہ اس منصوبے کو مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا بھی سامنا کرنا پڑا جبکہ اپوزیشن نے بھی تحریک انصاف کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

افتتاح سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ضلع خیبر میں بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جبکہ شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اوراحساس نشو نما پروگرام کا اجرا کیا۔

معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو احساس نشوونما پروگرام پر بریفنگ دی۔ گورنرشاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان، وفاقی وزیر نورالحق قادری بھی عمران خان کے ہمراہ تھے۔

احساس نشوونما ملکی تاریخ میں سٹنٹنگ کی روک تھام کا پہلا حکومتی پروگرام ہے، 3 سالہ نشوونما پروگرام کا بجٹ 8 ارب 52 کروڑ روپے ہے، مستحقین کو صحت بخش غذا کی فراہمی کے ساتھ سہ ماہی نشوونما وظیفہ بھی دیا جائے گا، بچیوں کیلیے 2 ہزار روپے جبکہ بچوں کیلئے 1500 روپے سہ ماہی وظیفہ ہوگا۔

یادرہے کہ بی آر ٹی پشاورکا ٹریک 27 کلو میٹر طویل ہے جس پر 220 ائیر کنڈیشنڈ بسیں چلائی جائیں گی۔ عوام کی سہولت کے لیے سات اور31اسٹاپ کے دو روٹ رکھے گئے ہیں اور بس کا ابتدائی کرایہ صرف دس روپے ہے۔بی آر ٹی روٹ چمکنی سے کارخانو مارکیٹ تک جاتا ہے۔ ٹریک پر بسیں ہفتے کے ساتوں دن صبح چھے سے رات دس بجے تک چلیں گی۔