ذرائع کے مطابق مئیر کراچی کی مدت ختم ہونے کے بعد متفقہ ایڈمنسٹریٹر لانے کا پلان بنا لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے ڈی لیمٹیشن ہوگی، بااختیار میئر لانے کیلئے سندھ اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی نے ہمیں بڑا مینڈیٹ دیا، اس لئے وفاقی حکومت پر بہت دباؤ ہے۔ پیپلز پارٹی کو ایک آخری موقع دینے اور سندھ حکومت کے ساتھ مل بیٹھنے کو تیار ہیں، اگر اب بھی کام نہ کیا تو ڈنڈے کا آپشن رہ جائے گا۔
دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر کے مسائل حل کرنے کیلئے وفاقی اور سندھ حکومت ایک پیج پر آ گئی ہے۔ مسائل کے حل کے لئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے تین تین نمائندے شامل ہوں گے۔ وفاق کی جانب سے وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق شامل ہوں گے جبکہ سندھ کی جانب سے صوبائی وزراء ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے۔ کمیٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے۔
اس حوالے سے ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت کے مذاکرات کے دو دور ہو چکے ہیں۔ تمام حکومتیں مل کر کام کریں گی تو مسائل حل ہوں گے۔ سندھ حکومت صوبے کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کوہمیشہ سے تیار ہے۔ کمیٹی صوبے کے ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹیں کو دور کرے گی۔