قابض فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر میں تلاشی لی گئی۔فائل فوٹو
قابض فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر میں تلاشی لی گئی۔فائل فوٹو

قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 کشمیری نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا میں نام نہاد سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔ سرچ آپریشن کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا گیا۔
شہید ہونے والے دو کشمیری نوجوانوں میں سے ایک کی شناخت عنایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، علاقہ مکینوں نے نوجوانوں کی لاشوں کو سڑکوں پر رکھ کر قابض بھارتی فوج کی جارحیت کیخلاف شدید احتجاج کیا اور جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بازی کی۔
قبل ازیں اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی پیرا ملٹری فورس کے دو اہلکار اور ایک اسپیشل پولیس افسر ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد بھارتی فوج نے اس علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن کیا۔