نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے مطابق اس وقت ملک میں مجموعی طور پر 27 ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہیں۔
اسلام آباد میں اسد عمر کی سربراہی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں محرم الحرام سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور خاص کرچیف سیکرٹریز کووڈ-19 کے عدم پھیلاؤ کو یقینی بنائیں اور کورونا کے حوالے سے ضابطہ کار( ایس او پیز) کی خلاف ورزی پرکارروائی اور جرمانوں سمیت تمام اقدامات کیے جائیں۔
سربراہ این سی او سی کا کہنا تھا کہ ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور شمالی علاقوں میں جانے والے سیاحوں کی اسپاٹ ٹیسٹنگ یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریس ٹیسٹ اینڈ کورنٹائن (ٹی ٹی کیو)حکمت عملی کے تحت پورے پاکستان میں مجموعی طور پر27 ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اب تک 6 ہزار 175 افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں۔