دو سال میں 28 ایکٹس بنے اور39 آرڈیننس جاری ہوئے۔فائل فوٹو
دو سال میں 28 ایکٹس بنے اور39 آرڈیننس جاری ہوئے۔فائل فوٹو

حکومت کے دو سال مکمل ہونے پراہم وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ جاری

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو دو سال مکمل ہونے پراہم وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات شبلی فرازنے کہا کہ جمہوریت میں حکومت عوام کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے اورہم عوام کے سامنے حکومت کی 2سالہ کارکردگی پیش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا مقصد فلاحی ریاست کا قیام ہے۔ ہم ذاتی مفادات کے لیے سیاست نہیں کرتے۔احتساب، انصاف، میرٹ اور پسماندہ طبقے کی ترقی وزیراعظم کا وژن ہے۔ ہمارا مقصد حکومتی کامیابی کی تشہیر نہیں۔

کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق دو سال میں 28 ایکٹس بنے اور39 آرڈیننس جاری ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس سے کوئی ریڈ لیٹر وزارت کو موصول نہیں ہوا۔ای آفس نامی سافٹ ویئر تیار ہے لیکن فنڈزکی عدم دستیابی کے باعث کمپیوٹرز دستیاب نہیں۔

گزشتہ دو سال کے دوران وزارت قانون نے وفاقی حکومت سے متعلقہ9ہزار450 مقدمات کی مختلف عدالتوں میں پیروی کی۔ 814سپریم کورٹ، 6 ہزار79 ہائیکورٹس اور دیگرکیسز دوسری عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

انتظامی ٹربیونلز اور خصوصی عدالتوں میں ججز تعینات کیے گئے۔ مختلف وزارتوں اور محکموں کو 600 مختلف امورپرقانونی رائے فراہم کی۔ مختلف اداروں کے رولز کے جائزہ کےلیے 4 ہزار 699 درخواستیں نمٹائی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق ڈرافٹنگ ونگ کو پارلیمان سے 345 پرائیوٹ ممبر بل جائزے کےلیے موصول ہوئے۔ ملک بھر میں نئی خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ دو سال میں 641 بین الاقوامی معاہدے اور یادداشتوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی توسیع کا کام بھی جاری ہے۔

 پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کا منصوبہ ناکام بنایا۔ شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت کا پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کا منصوبہ ناکام بنایا، پوری دنیا میں کشمیر کا مسئلہ بھرپور طریقے سے اجاگر کیا، دوست ممالک سے مستحکم تعلقات کی پالیسی بنائی گئی، افغانستان میں امن کیلئے پاکستانی اقدام بڑی کامیابی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ گزشتہ دور میں پاکستا ن کا وزیرخارجہ ہی نہیں تھا۔ خارجہ پالیسی میں دائمی حریف کے مقاصد کودیکھنا ہوتا ہے۔ دو سال کے دوران ہماری کوشش رہی پاکستان کے موقف کو بھرپوراندازمیں پیش کیا جائے۔

ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔ پاکستان کا خطے کےممالک سے تعلقات میں استحکام کو مزید فروغ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سال کے دوران افریقی ممالک سے تجارتی اشتراک اور باہمی تعلقات کی بہتری پر توجہ دی گئی۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ہم چین کے اسٹریٹجک تعلقات کو معاشی تعلقات میں بدل رہے ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کےلیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر عمران خان نے اٹھایا اور دنیا نے مقبوضہ کشمیرپر پاکستان کاموقف تسلیم کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے یواین اسمبلی میں اسلام ،مقبوضہ کشمیر اور یورپی ممالک کے تعصب پر بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم افریقی ممالک سے تعلقات بڑھا رہے ہیں جو بہت بڑی مارکیٹ ہے جس پر ہماری توجہ نہیں تھی۔

تاریخ میں پہلی بار حکومت نے اخراجات میں کمی کی۔ حفیظ شیخ 

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے بتایا کہ حکومت آئی تو کمزور معیشت کوسہارا دینا تھا اور ہم نے مشکل حالات میں بڑے فیصلے کیے۔ ہمیں ماضی کے قرضوں کا بوجھ بھی ہلکا کرنا پڑا۔ حکومت نے ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے مراعات دیں۔

ملک کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے اخراجات میں کمی کی۔ حکومت رواں سال کوئی سپلمنٹری گرانٹ کسی وزارت کو نہیں دی۔ 20 ارب کا کرنٹ اکاوَنٹ خسارہ تھا اورڈیفالٹ کا خدشہ تھا لیکن عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک نے مدد کی۔

بیرونی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے کم کر کے 3 ارب ڈالر پر لایا گیا۔ کابینہ کی تنخواہیں کم کی گئی اور فوج کے اخراجات کو منجمد کیا گیا۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات کو کم کیا گیا۔ حکومت نے ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے مراعات دیں۔ ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے حکومت نے بہترین کام کیے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈھائی سو ارب روپے کورونامتاثرین میں تقسیم ہوئے۔ حکومت نے بلاتعصب ایک کروڑ 60لاکھ پاکستانیوں کوامداد دی۔ دو سال کے دوران حکومت نے 5ہزار ارب روپے کے قرضے واپس کیے اور زراعت کےلیے 280ارب روپے کا پیکج دیا۔

دو سال میں سیمنٹ کی سیل 41فیصد بڑھی ہے۔ حماد اظہر

وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بتایا کہ حکومت نے کورونا صورتحال میں بھی ادویات کی ترسیل کا سلسلہ جاری رکھا، ٹیکسزکی شرح کوکم کیاگیا۔ تعمیراتی شعبے کے لیے پیکج دیا، کفایت شعار پالیسی کےتحت کچھ اداروں کو مختلف اداروں میں ضم کیاگیا، ہم نے پاکستان اسٹیل مل سےمتعلق اقدام کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک سے اسمگل شدہ فون ختم کیے گئے، دو سال میں سیمنٹ کی سیل 41فیصد بڑھی ہے اور اس وقت ایکسپورٹ گروتھ 6فیصد ہے۔ حکومت نے امپورٹ کو کم اور ایکسپورٹ پر زیادہ توجہ دی۔

کورونا وائرس کے دوران کاروباری شعبے کو حکومت نے ریلیف دیا اور چھوٹے کاروباروں کے 3 ماہ کے بجلی کے بل معاف کیے گئے۔ ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی لائی گئی۔ الیکٹرک وہیکل اور موبائل مینوفیکچرنگ کی پالیسی بنائی گئی۔

احساس کفالت پروگرام بہترین منصوبہ تھا۔ ثانیہ نشتر

معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے بتایا کہ احساس کفالت پروگرام بہترین منصوبہ تھا جس کی 15 ماہ پہلےمنظوری ہوئی۔ احساس کفالت پروگرام کے تحت شفاف طریقے سے مالی امداد تقسیم کی ہوئی۔

ثانیہ نشتر نے بتایا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت 70لاکھ مستحقین کوماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ بلاسود قرضے دینے کامنصوبہ متعارف کرایا گیا۔

احساس لنگر خانوں پرتوجہ دی گئی اوراحساس اسکالرشپس پروگرام متعارف کرایا گیا۔ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شفاف طریقے سے جاری رہا۔ سندھ کو آبادی کے تناسب سے ترجیح دی گئی۔