وزیراعلی سندھ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔فائل فوٹو
وزیراعلی سندھ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔فائل فوٹو

کینجھرجھیل میں کشتی رانی پرغیرمعینہ مدت تک پابندی عائد

حکومت سندھ نے کینجھرجھیل میں کشتی رانی پرغیرمعینہ مدت تک پابندی عائد کردی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کینجھر جھیل میں میں کشتی ڈوبنے کے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔

ٹھٹھہ کی کینجھر جھیل میں 10 افراد کے ڈوب کرجاں بحق ہونے کے بعد گرفتارکشتی بان عبدالجبارکو4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاگیا۔

کینجھر جھیل پرآج تمام سرگرمیاں بند کرا دی گئی ہیں، جھیل میں نہانے کے لیے دی جانے والی ٹیوبز بھی اسٹور میں جمع کردی گئی ہیں جبکہ تمام ہوٹلز بھی مکمل بند ہیں۔

کینجھر جھیل میں گزشتہ روز کشتی الٹنے سے 2 بچے اور8 خواتین جاں بحق ہو گئی تھیں، حادثے میں 3 خواتین کو بچا لیا گیا تھا۔

کشتی میں گنجائش سے زائد افراد کو بٹھایا گیا تھا، حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق کراچی کے علاقے محمود آباد سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے اوور لوڈنگ کو حادثے کی وجہ قرار دیا ہے۔ پولیس نے کشتی مالک کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ اس ضمن میں ایس ایس پی ٹھٹھہ عمران خان نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ کینجھر جھیل میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب کینجھر جھیل میں پیش آنے والے کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر ادا کی جائے گی، جبکہ ان کی تدفین فوجی قبرستان میں ہوگی۔