پنوعاقل میں ذہنی مریض نے اپنی بھابی اور بھتیجوں سمیت گھرکے 11 افراد کو قتل کردیا۔ مرنے والوں میں 6 خواتین اور5 بچے شامل ہیں، پولیس نے ملزم کو گرفتارکرلیا۔
سکھر ضلع کی تحصیل پنوعاقل کے کینٹ تھانے کی حدود میں ذہنی مریض عبدالوہاب انڈھڑ نے اپنے گھر کے 11 افراد جن میں 6 خواتین اور5 بچے شامل ہیں کو اس وقت تیز دھار آلے سے قتل کردیا جب وہ سورہے تھے۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع پر پہنچ کر ملزم کوآلہ قتل سمیت گرفتارکرلیا اورمقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال روانہ کر دی ہیں۔\
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اسد انڈھڑ کے گھر میں پیش آیا جس کے بھائی ملزم وہاب انڈھڑ نے اپنی بیوی، بیٹیوں، بھائی، بھابھی، بھتیجی اور بھتیجے کی جان لے لی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ایک ہی گھر میں 11 افراد کے قتل کی خبر پرعلاقہ کی فضا سوگوار ہوگئی ۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے اور وجوہات کا پتہ لگایا جائے کہ آیا یہ گھریلو مسائل کا شاخسانہ ہے یا ذاتی دشمنی ہے، پولیس اور انتظامیہ متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔