ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نےدو سال میں ملک میں تباہی برپا کی، ایک وعدہ وزیراعظم نےکیا تھا کہ میں چیخیں نکالوں کا توانہوں نے اپنا وعدہ پوراکردیا ہے، یہ پاکستان تحریک انصاف نہیں پاکستان تحریک انتقام ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگست 2018 میں آٹے کی بیس کلو کی بوری 778 روپے تھی، آج وہ بوری 1010 روپے کی ہوگئی ہے جبکہ 2 سالوں میں چینی کی قیمت میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کہ یہ تیل دریافت کرنےوالے ہیں، لیکن عوام کا تیل نکال دیا، کھانے کے تیل میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ گزشتہ 2 برس میں پی ٹی آئی حکومت نے تباہی کی ہے،عام آدمی اور صنعت کار کا نقصان ہوا ہے،گردشی قرضوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، فائدہ صرف مافیا کا ہوا ہے جو وزیر اعظم کے آس پاس بیٹھے ہیں۔
انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ خان صاحب نے کہا تھا خودکشی کرلوں گا قرض نہیں لوں گا،مگر 2سال میں انہوں نے قرضہ 24.2 کھرب سے 34.4 کھرب تک پہنچا دیا ہے، 2 سال میں ملک میں کوئی میگا پروجیکٹس بھی نہیں بنے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے لیے وزیراعظم نے 162ارب کا وعدہ کیا تھا جوآج تک وفا نہ ہوا،ملک کی ایکسپورٹ ڈالرز کےلحاظ سے کم ہوئی ہیں، عمران خان کو پرائیویٹ سیکٹر سے چیئرمین ایف بی آر لانے کا موقع ملا، حکومت نے ہدف سے ڈیڑھ کھرب کم ٹیکس جمع کیا۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کےبعد سندھ ریونیوبورڈ قائم کیا، تمام مشکلات کےباوجود سندھ 9 ارب سے بڑھ کر 105 ارب پر کھڑا ہے،17 اگست 2018 ءکو پاکستان اسٹاک ایکسچینج 42 ہزار سے زیادہ پوائنٹس پر تھا،آج ان کی پالیسز کی وجہ سےاسٹاک ایکسچینج ہزاروں پوائنٹس گرگیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کاکہنا تھا کہ 2018 ء میں پاکستان بھر میں پولیو کےصرف 12 کیس سامنے آئے، ان کا ایک سال پورا ہوا تو 2019 ء میں 147 نئےپولیو کے کیسز سامنے آئے، جبکہ 2020 ء کے ابھی صرف 8 ماہ مکمل ہوئے ہیں لیکن اب تک پولیو کے65 کیس سامنے آچکے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ہرچیز کا ملبہ ماضی کی حکومتوں پر نہیں ڈال سکتی، انہوں نے تو وعدہ کیا تھا پاکستانیوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینگے، انہوں نے اپنے کچھ دوستوں کو تو معاون خصوصی بنایا لیکن عوام بے روزگار ہوگئے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 50 لاکھ گھربنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن بس نفیس لوگوں کی انکروچمنٹ ہی نظر آ رہی ہے، یہ پاکستان تحریک انصاف نہیں پاکستان تحریک انتقام ہے۔