وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ جب غریبوں کیلیے کام کیا جاتا ہے تواللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا ہے ،بیماری کے علاج معالجے پرہرخاندان کا بھاری خرچ ہوتا ہے،غریب کو علاج کی سہولت دینے سے بڑی خدمت کوئی اورنہیں ہو سکتی ۔
وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوامیں ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ کا اجراکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں تمام خاندانوں کو صحت کارڈ دیاجارہاہے،ہر خاندان کو 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس دی جارہی ہے ،ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ دینے پرکے پی حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں ۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ جب غریبوں کیلیے کام کیا جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا ہے ،بیماری کے علاج معالجے پر ہرخاندان کو بھاری خرچ ہوتا ہے،غریب کوعلاج کی سہولت دینے سے بڑی خدمت کوئی اور نہیں ہو سکتی ،جب غریب آدمی بیمار ہوتا ہے تواس کاسارابجٹ علاج پر لگ جاتا ہے ،لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے لے جانے والی بڑی وجہ بیماری ہے ۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پنجاب اوربلوچستان کو بھی کہوں گاکہ تمام خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیں ،پنجاب حکومت بھی ہرخاندان کو ہیلتھ انشورنس فراہم کرے ،بلوچستان میں بھی اس حوالے سے کام کریں گے ،ہیلتھ انشورنس دینے سے ہیلتھ سیکٹر میں بہتری آئے گی ۔
وزیراعظم نے کہاکہ مشکلات کے باوجودصحت انصاف کارڈ اسکیم لائے،ہمارا مقصد پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے ، دیہات، چھوٹے شہروں میں بھی ہسپتال بنیں گے ،سندھ کے عوام بھی ہیلتھ کارڈ کی سہولت مانگیں گے ،ہمارے پاس تمام ڈیٹا موجود ہونا چاہیے۔