فلم و ٹیلی ویژن فنکارہ عتیقہ اوڈھو کو 2 بوتل شراب کیس میں باعزت بری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی سول عدالت میں اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے خلاف شراب کیس کی سماعت ہوئی۔ سول عدالت نے 9 سال 2 ماہ اور14 روز بعد فیصلہ سناتے ہوئے عتیقہ اوڈھوکو2 بوتل شراب کیس میں باعزت بری کردیاہے ۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ فنکارہ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں لہذا انہیں بری کیا جاتا ہے۔ سول جج یاسر چوہدری نے میرٹ پر فیصلہ سنایا۔عتیقہ اوڈھو پرالزام تھا کہ اسلام آباد سے کراچی جاتے ہوئے ان کے بیگ سے شراب کی 2 بوتلیں برآمد ہوئی تھیں۔
سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے سوموٹو حکم پر 7 جون 2011 کو اداکارہ کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا،اس مقدمہ میں 210 پیشیاں ہوئیں اور16 جج تبدیل ہوئے۔عتیقہ اوڈھو نے عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ دیر سے سہی انصاف مل گیا۔