کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش شروع ہوگئی ہے۔
گلشن معمار، ایئرپورٹ، سیوک سینٹر، سرجانی ٹاؤن،گلشن اقبال، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، دستگیر، گلستان جوہر، پی آئی بی کالونی، لیاقت آباد، بہادرآباد، پی سی ایچ ایس، محمودآباد، قیوم آباد اور اطراف کے علاقوں میں موسلا دھار بارش کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ کہ ہوا کا ایک کم دباؤ مشرقی سندھ میں اور دوسرا کم دباؤ وسطی بھارت کے قریب موجود ہے، دوسسٹمز کے ملاپ سے بارش کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے۔
جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں 100 ملی میٹر بارشیں ہونے کی توقع ہے، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، تیز بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے، بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے 26 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔