وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی 6 جماعتوں نے تشخص کی بحالی تک لڑنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کیخلاف علم بغاوت بلند ہو گیا ہے، فاروق عبداللہ و دیگر رہنماؤں کا اعلامیہ اہمیت کےقابل ہے جس میں سیاسی جماعتوں نے لاک ڈائون سمیت بھارتی اقدام کی نفی کردی، بھارت کا موقف پٹ رہا ہے۔ چین نے واضح کہا کہ لداخ پر بھارتی موقف قبول نہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اندرونی معاملہ تسلیم نہیں کرتی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی اقدام پر چین نے واضح موقف اپناتے ہوئے مقبوضہ کشمیرکو متنازع علاقہ قراردیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کا افغانستان میں امن عمل میں اہم کردار ہے جبکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی نے نئی کروٹ لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیرکے لیے آواز اٹھانے کے علاوہ ہر جگہ پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنا مؤقف پیش کیا۔ مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے 5 اگست کے فیصلے کی نفی کی۔
شاہ محمود نے کہا کہ کشمیریوں کو آج بھی مسائل کا سامنا ہے، ہزاروں کشمیری بھارتی قید میں ہیں، بھارتی اقدامات سے مقبوضہ کشمیرکی معیشت تباہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے لاک ڈاؤن اور مواصلاتی بندش سے کشمیریوں کی آوازکو دبایا ہوا ہے لیکن بھارت، تاریخی، قانونی اوراخلاقی اعتبار سے تنازع کشمیر پراپنی ساکھ کھو چکا ہے۔