دوپہر میں کراچی کے اطراف تھنڈر سیلز بن سکتے ہیں۔فائل فوٹو
دوپہر میں کراچی کے اطراف تھنڈر سیلز بن سکتے ہیں۔فائل فوٹو

شہرکے مختلف علاقوں میں پھربارش ۔سڑکیں زیرآب

شہرقائد کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر تیز ہوائوں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی اورسڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام ہو گیا،مختلف علاقوں میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
گلشن حدید، سپرہائی وے، ملیر،لانڈھی، میمن گوٹھ، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ ، احسن آباد،کورنگی، گلشن معمار،ایئرپورٹ، سرجانی ٹاؤن اوردیگرعلاقوں میں بارش سے سڑکیں زیرآب آ گئیں ۔

بارش کے قطرے پڑتے ہی شہرکے مختلف علاقوں میں بجلی بھی معطل ہوگئی جبکہ سرجانی ٹائون میں بارش کاپانی گھروں میں جمع ہے، بجلی اورگیس بند ہے اورمکین دہری اذیت کا شکار ہیں۔

چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق  مشرقی سندھ اور بھارتی راجستھان پر موجود ہوا کے کم دباؤ آپس میں مل گئے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی شدت تاحال برقرار ہے جب کہ خلیج بنگال میں ہوا کا ایک اور کم دباؤ بھی بن رہا ہے۔ جس کے باعث بدھ تک شہر میں شدت کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے،

جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں 100 ملی میٹر بارشیں ہونے کی توقع ہے، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ اور دیگرعلاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، تیز بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے، بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے 28 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔