پشاورہائیکورٹ نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف دائر درخواست پر صوبائی وزیر خوراک،سیکرٹری فوڈ اورڈی سی پشاورکوکل طلب کرلیا،جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ چینی بحران میں جوملوث تھے ان کو حکومت نے کلین چٹ دیدی،وہ بڑے مگرمچھ کہاں چلے گئے ؟۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاورہائیکورٹ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس قیصر رشید نے استفسارکیا کہ اے جی صاحب!حکومت کیا کررہی ہے،عام آدمی کو 20 روپے کی روٹی مل رہی ہے چینی بحران ہے یہ کیا ہورہا ہے؟۔
جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ چینی بحران میں جوملوث تھے ان کو حکومت نے کلین چٹ دیدی،وہ بڑے مگرمچھ کہاں چلے گئے؟۔
جسٹس قیصر رشید نے کہاکہ جہاں جہاں ضرورت نہیں حکومت وہاں پر پیسے خرچ کررہی ہے ،آٹا ،چینی کی قیمتوںمیں اضافہ ہورہا ہے کسی کو پرواہ نہیں ،سرکاری ریٹ پر جو آٹا مل رہاہے وہ چوکرہے آٹا نہیں ،میں نے خودمارکیٹ میں جاکر دیکھا۔
اے جی شمائل احمد بٹ نے کہاکہ ہماری صرف6 شوگرملز ہیں باقی ہماری نہیں ،جسٹس قیصر رشید نے کہاکہ صوبے اوروفاق دونوں میں آپ کی حکومت ہے،عوام کو ریلیف فراہم کرناحکومت کی ذمہ داری ہے ،عدالت نے صوبائی وزیر خوراک،سیکرٹری فوڈ اورڈی سی پشاورکوکل طلب کرلیا۔