امریکی ریاست وسکونسن میں سیاہ فام شہری پر پولیس کی فائرنگ سے ایک بار پھر مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
امریکا میں پولیس کے ہاتھوں ایک بار پھر سیاہ فام شہری پر فائرنگ سے حالات کشیدہ ہوگئے ہیں جس کے بعد ریاست وسکونسن میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، سیاہ فام شہری جیکب بلیک اتوار کو پولیس فائرنگ سے زخمی ہوگیا تھا تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ پولیس حکام واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق پولیس نے سیاہ فام شہری جیکب بلیک پراس کے 3 بچوں کے سامنے فائرنگ کی جو گاڑی میں بیٹھے ہوئے تھے، واقعے کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور مظاہرین کی جانب سے امریکی پولیس کی کارروائی پرشدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
سیاہ فام شہری جیکب بلیک پرفائرنگ کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگادی اورکئی عمارتوں کو بھی نذرآتش کردیا، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے آنسو گیس اورواٹرکیننزکا استعمال کیا گیا جبکہ مظاہروں پرقابو پانے کے لیے ریاست وسکونسن میں 200 نیشنل گارڈز تعینات کردیے گئے ہیں۔