کئی علاقوں میں نکاسی آب کے نالے اورگٹرلائنیں ابل پڑیں،فائل فوٹو
کئی علاقوں میں نکاسی آب کے نالے اورگٹرلائنیں ابل پڑیں،فائل فوٹو

کراچی میں موسلادھاربارش تھم گئی،شہرپانی میں ڈوب گیا

کراچی میں صبح  سے مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش کا سلسلہ اگرچہ تھم گیا ہے تاہم برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث متعدد شاہراہیں اورسڑکیں تالاب بن گئیں۔

کئی علاقوں میں نکاسی آب کے نالے اورگٹرلائنیں ابل پڑیں، پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو شدیدی مشکلات کا سامنا ہے۔

شارعِ فیصل نرسری کے مقام پر تالاب بن گئی ہے،حسن اسکوئر سے محکمۂ موسمیات جانے اورآنے والے مین یونیورسٹی روڈ پر بھی پانی جمع ہے۔

طارق روڈ سے لبرٹی سگنل جانے والی سڑک پربھی پانی جمع ہوگیا ہے۔شاہراہِ پاکستان پرکریم آباد،عائشہ منزل، واٹر پمپ جانے والی سڑک پر بھی پانی جمع ہو چکا ہے۔

سہراب گوٹھ سے شفیق موڑ تک سڑک اور ناگن چورنگی اوراس کے اطراف کا علاقہ بھی زیرِآب آگیا ہے۔نارتھ ناظم آباد میں کے ڈی اے چورنگی سے حیدری اور سخی حسن سے ناگن چورنگی جانے والی سڑک بھی زیرِ آب آگئی ہے۔

لسبیلہ سے ناظم آباد ایک نمبر جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔سب میرین چورنگی انڈر پاس کو بھی پانی بھر جانے کے سبب ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

مسلسل بارش کے باعث ملیر ندی کا پانی سڑک پرآنے کے بعد کورنگی کراسنگ اور کورنگی کازوے کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے اورٹریفک کو جام صادق پل سے گزارا جا رہا ہے۔

ڈرگ روڈ پر ناتھا خان پل کے مقام پر بھی پانی کئی کئی فٹ جمع ہے۔ادھر لیاری ایکسپریس وے سے پانی کی نکاسی کر نے کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ۔