کراچی میں طوفانی بارش کے بعد نظام زندگی مفلوج ہوگیا، 2 دن سے شدید بارشوں کے باعث ملیر ندی میں کئی مقامات پر بند میں شگاف پڑگئے، دادا بھائی ٹاؤن اورسکھن ندی کا بند ٹوٹنے سے پانی علاقے اور گھروں میں داخل ہوگیا، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔
بلوچ کالونی، شاہراہ فیصل، نرسری، پی ای سی ایچ ایس، فیروز آباد، محمود آباد، کینٹ سٹیشن، قیوم آباد، ڈیفنس، گلشن اقبال، لیاقت آباد، ناظم آباد میں بھی بارش ہوئی۔ کورنگی کازوے ندی میں 6 افراد پھنس گئے۔ ایدھی رضا کاروں نے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا، پھنسے افراد میں پولیس اہلکار بھی شامل تھا۔
سکھن ندی کے بند ٹوٹ گئے، پانی عرفات ٹاؤن، مدینہ کالونی، خلد آباد، مرغی خانہ اور نیشنل ہائی وے تک پہنچ گیا جبکہ کئی گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا، حفاظتی اقدامات کے تحت نیشنل ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔ نیشنل ہائی وے کی ٹریفک ملیرکی جانب موڑ دی گئی۔
کراچی میں بلوچ کالونی دادا بھائی میں پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ سعید غنی بھی علاقے میں پہنچے، وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بند نہیں ٹوٹا، صرف دروازہ ٹوٹا ہے، گیٹ لگا کر پانی کا بہاؤ روک دیا گیا، آبادی سے پانی نکالنے کیلیے مشینری نے کام شروع کر دیا۔
دوسری جانب کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ آرمی انجینئرز کور کی ہیوی مشینری اور پلانٹس ملیر ندی پر پانی کا بہاؤ روکنے کی کوشش میں مصروف ہے جہاں شگافوں کو پر کیا جا رہا ہے اور لوگوں کو کشتیوں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلیے بھی اقدامات کیے گئے۔؎
بارشوں کے ساتھ ساتھ کیرتھر ریجنز میں لٹھ اور تھڈو ڈیم اوور فلو ہو گئے ہیں جس کے بعد پاک فوج کی ٹیمیں شہریوں کی مدد کے لیے پہنچ گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق لٹھ ڈیم اوورفلو ہونے کی وجہ سے نادرن بائی پاس اور ملیر ندی میں شدید سیلابی صورتحال ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق کوہی گوٹھ اور درمحمد گوٹھ میں بارش کے باعث 200 سے زائد خاندانوں نے گھرکی چھتوں پر پناہ لی، متاثرین میں کھانے پینے کی اشیا بھی تقسیم کی گئیں۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونیوالی بارش کے اعدادوشمار جاری کردیے، جس کے مطابق پی اے ایف فیصل بیس پر سب سے زیادہ 134، گلشن حدید میں 122، صدر میں 88، لانڈھی میں 84 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف مسرور بیس پر 68، جناح ٹرمینل پر 67 ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی ٹاون میں 46، کیماڑی میں 23، سعدی ٹاون میں 71، نارتھ کراچی میں 49، ناظم آباد میں 91 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔