اسلام آباد: کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کے مسائل کا مکمل ادراک ہےاور عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں مون سون بارش کے باعث پھیلنے والی تباہی کے بعد شہر قائد کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے اعلیٰ سطحی مشاورت شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں زیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین این ڈی ایم اےلیفٹیننٹ جنرل محمدافضل ، وفاقی وزرااسدعمر،علی زیدی،متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور سینیئرافسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں ’’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘‘پر عملدرآمد کیلئے حکومتی اقدامات، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ سے متعلق عوام کی مشکلات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم کوکراچی کے مسائل، پانی، سیوریج، نالوں کی صفائی پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے مسائل کےمستقل حل کیلئے مجوزہ’’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘‘پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ’’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘‘مسائل اور معاشی حب کی ترقیاتی ضروریات کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔
وزیرِاعظم عمران خان نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔ کراچی میں سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے ۔ عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے وفاق اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے “کراچی ٹرانسفارمیشن پلان” کو حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کی باقاعدہ منظوری اور عمل درآمد کا کام شروع کیا جا سکے۔