وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے خسارے کے شکار سرکاری اداروں کا مینجمنٹ کنٹرول نجی سیکٹر کو دینے کی تجویز دے دی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق مشیر خزانہ کی زیر صدارت خسارے کے شکار سرکاری اداروں کی بحالی سے متعلق اجلاس ہوا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اداروں کی تحلیل اور نجکاری پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء کو خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کو حکومتی کنٹرول میں رکھنے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
مشیر خزانہ نے دوران اجلاس خسارے کے شکار سرکاری اداروں کا مینجمنٹ کنٹرول نجی سیکٹر کو دینے کی تجویز دی۔
انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ کنٹرول نجی سیکٹر کو دینے کے باوجود ان کی اونر شپ حکومتی کنٹرول میں رہے گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سرکاری اداروں کے مجوزہ قانون پر نظر ثانی کی ہدایت کی۔
مشیر خزانہ نے اجلاس کے دوران سرکاری اداروں کے فرانزک آڈٹ کی تجویز پر نظرثانی کی ہدایت اور کہا کہ اس حوالے سے آڈیٹر جنرل کی صلاحیت کو بھی دیکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے اجلاس میں فرانزک آڈٹ کے لیے سرکاری اداروں کی لسٹ اور تمام تجاویز پیش کی جائے۔