وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر پنجاب کا سندھ میں خیرمقدم کیا۔ گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ بارشوں کے نقصانات پر یکجہتی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں اگست 1931 میں شدید بارش ہوئی تھی اسکے بعد 635 ملی میٹر بارش ہوئی، تمام پرانے 90 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
انھوں نے کہا کہ ہم مشکل وقت میں ایکد وسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ ہماری طاقت ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ آج میں میرپورخاص ڈویژن کا دورہ کرکے آیا ہوں، وہاں 90 فیصد فصل تباہ ہوئی ہے، لوگ شدید بارش کے سبب بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عمرکوٹ میں ایک بہت بڑا کیمپ لگا یا ہے جہاں بارش متاثرین کو ٹھہرایا جارہا ہے، اللہ پاک ہمارے اوپر رحم کرے، پہلے ٹڈی دل کا حملہ ہوا، پھر کورونا وائرس اور اب شدید بارشیں ہوئیں، یہ مشکل وقت ہے۔