پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کے مطابق ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15اور 17نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
14 نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلیمنیٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے اور اس کے اگلے روز ایلیمینیٹر ٹو جب کہ فائنل17 نومبر بروز منگل کو ہوگا۔
ایونٹ کے بقیہ میچز کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جب کہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائےگا۔
ایونٹ کے بقیہ چاروں میچز کووڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں گے جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہےگا، فی الحال چاروں میچز بند دروازوں میں کھیلے جانے کاپلان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہوگا۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد نہ صرف تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی بلکہ اب ان میچوں کی تیاری کے لیے تمام ٹیموں کے پاس بھی مناسب وقت موجود ہے۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی شروع سے ہی ان چاروں میچوں کے انعقاد کے لیے پرعزم تھا اور پی سی بی کے خیال میں پی ایس ایل جیسے ایونٹ کا فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے۔