سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ چیئرمین نیب بتائیں مجھ پر ریفرنس بنا کر کس کو فائدہ دیاگیا؟،کیا چیئرمین نیب کو اپنے ادارے اوردوسروں کی کرپشن نظر نہیں آتی؟۔
سندھ ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ کیا چیئرمین نیب کو چینی کی مد میں اربوں کی کرپشن نظر نہیں آتی ،پی ایس او منافع میں تھااب خسارے میں چلا گیا۔انہوں نے کہاکہ اگرنیب کا ادارہ رہے گا تو پاکستان نہیں چلے گا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سیاسی رہنماﺅں کی آوازکو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے،آج حکومتی اداروں میں نیب کے باعث ہر پوسٹ خالی پڑی ہوئی ہے،وزیراعظم کو کسی بات کا علم نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہاکہ ملک کے مسائل کو حل کرنے کیلیے ہرمعاملے پر بات ہو سکتی ہے ،کراچی کیلیے خصوصی فنڈز دینا ہوں گے،کراچی میں غیرقانونی تعمیرات ہوئیں کسی نے نہیں دیکھا،این ایف سی ایوارڈ میں کراچی کیلئے ایک اسپیشل فنڈ دینا چاہیے۔