کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے دفترکے سامنے اپنے حقوق کے حصول کیلیے احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تین روز قبل مقامی لوگوں نے گھروں سے بارشوں کا پانی نکالنے میں ناکامی ، پینے کے پانی کی عدم فراہمی اورکنٹونمنٹ کے علاقے میں صفائی ستھرائی کے فقدان کے پیش نظرکنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے دفترکے سامنے جمع ہو کراحتجاج کیا جس پردفاترکے اہلکاروں نے مظاہرین کے وفد سے مذاکرات کیے اوران کے مطالبے پورے کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے انہیں واپس بھجوا دیا لیکن اب ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین کے خلاف مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کروایا گیاہے جس میں 22 افراد کو نامزد کیا گیاہے جبکہ نامعلوم افراد کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیاہے ۔مقدمہ سی بی سی کے ملازم منورحسین کی مدعیت میں درج کیا گیاہے۔
مقدے میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے ، سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے اور دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردیں اور مظاہرین کی ویڈیوز جمع کرنا شروع کردی ہیں جبکہ سی بی سی دفترکے قریب میں لگے کیمروں کی ویڈیوز بھی منگوا لی ہیں ۔ مقدمے کے متن میں کہا گیاہے کہ مظاہرہ کرنے والوں میں شر پسند عناصر بھی شامل تھے۔