وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پورا سندھ تکلیف میں ہے وفاق کو مدد کیلیے آنا چاہیے۔حالیہ بارشوں اور نقصانات سے سندھ بھر میں 101 افراد جاں بحق ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت اور ہم مل کر کام کریں ،جن کو تنقید کرنی ہے وہ اپنا کام کریں ،کے فور منصوبے میں وفاقی حکومت ہمارے ساتھ ہے،اس وقت ہم کراچی کیلیے کام کررہے ہیں،وفاقی حکومت پورے سندھ کو ایک نظر سے دیکھے ،حالیہ صورتحال میں اتحاد ویکجہتی کی ضرورت ہے۔
مراد علی شاہ نے کہاکہ کراچی اور حیدرآباد میں بارشوں سے زیادہ نقصان ہوا،سانگھڑ، دادو، جوہی، میرپورخاص کا ذاتی طورپر دورہ کر چکا ہوں، کراچی میں خاص طور پر صورتحال زیادہ خراب ہوئی ،ضلع غربی سب سے زیادہ متاثر ہوا، اگست میں 675 ملی میٹربارش ہوئی،ضلع غربی میں 671 ،تھرپارکر603 اورمیرپور خاص میں 643 ملی میٹر بارش ہوئی،عمر کوٹ میں 523 ملی میٹر بارش ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سندھ بھر میں بارشوں سے 101 ہلاکتیں ہوئیں،حالیہ بارشوں سے کراچی میں صرف63 اموات رپورٹ ہوئیں،سانگھڑمیں ڈیڑھ لاکھ،عمر کوٹ میں 3 لاکھ افراد بارشوں سے متاثر ہوئے،ضلع وسطی میں 29 مکانات مکمل تباہ ہوئے،4 مسجدوں کو نقصان پہنچا،انہوں نے کہاکہ شیرشاہ سوری روڈ بارشوں سے متاثر ہوئی ،نئی گاج ڈیم کے اطراف صورتحال خراب ہوئی تھی ۔
مرادعلی شاہ نے کہاکہ کراچی میں مرکزی اور ذیلی شاہراہوں کو بہت حد تک صاف کیاگیا،کھارادر سے لے کر ٹاور تک نکاسی میں تاخیر ہوئی ،عاشورہ کے جلوس کی گزرگاہوںپر برسانی پانی کی نکاسی کرائی گئی ،سرجانی ٹاﺅن، یوسف گوٹھ میں بہت بری حالت تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ چاہتے ہیں وفاقی حکومت اور ہم مل کر کام کریں ،جن کو تنقید کرنی ہے وہ اپنا کام کریں ،انہوں نے مزید کہاکہ کے فور منصوبے میں وفاقی حکومت ہمارے ساتھ ہے،اس وقت ہم کراچی کیلیے کام کررہے ہیں،وفاقی حکومت پورے سندھ کو ایک نظر سے دیکھے ،حالیہ صورتحال میں اتحاد ویکجہتی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کراچی آنے کا پروگرام بتادیں،وزیراعظم مجھے بلائیں گے توضرورجاﺅں گا،میں خودپوچھتا ہوں وزیراعظم کیلیے کہاں آﺅں،اگروزیراعظم آئیں گے بتائیں گے تو ضرور لینے جاﺅں گا،جب بھی وزیراعظم آئیں ان کے سامنے مسائل اور منصوبے رکھیں گے،کراچی میں ایڈمنسٹریٹر کافیصلہ سندھ حکومت کرے گی ،ایڈمنسٹریٹرزکا تقررکابینہ نے کرنا ہے ۔