وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام کو صاف پانی، سیوریج، ٹرانسپورٹ اور دیگر بےشمار مسائل درپیش ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت ’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں کراچی کے مسائل کے حل سے متعلق پلان کا جائزہ لیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ان مسائل کے مستقل بنیادوں پر حل کو نظرانداز کیا جاتا رہا، حالیہ بارشوں نے انتظامی ڈھانچے کے مسائل کو اُجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کا وفاقی حکومت کو مکمل ادراک ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اسدعمر، سینیٹرشبلی فراز، سید امین الحق، سید علی حیدر زیدی اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل شریک ہوئے۔
اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اور ڈیولپمنٹ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کو ازسر نو مرتب کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے اور اس حوالے سے پیش رفت پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء سینیٹرشبلی فراز، ملک امین اسلم اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ، ذلفی بخاری، ڈاکٹر شہبازگل اور چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی انور علی حیدر شریک ہوئے۔
اجلاس میں سندھ میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ 19 تعمیراتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ ان منصوبوں کےنتیجے میں 38 لاکھ مربع فٹ رقبے پر تعمیرات ہوں گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کو ازسر نو مرتب کرنے کا عمل تیز کیا جائے اور اس حوالے سے پیش رفت پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل پورٹل کے قیام کو رواں ماہ کے وسط تک مکمل کرنےکو یقینی بنایا جائے۔ تعمیراتی شعبےکا فروغ معیشت کے استحکام اور معاشی عمل کے فروغ میں کلیدی کردار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تعمیراتی شعبے کے فروغ سے متعلق پُرعزم ہے۔