چین کے ساتھ کشیدہ حالات کے پیش نظر بھارت کے آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے دو روزہ دورے پر لداخ میں موجود ہیں، جہاں وہ تمام تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل نرونے نے کہا کہ ایل اے سی پر صورتحال تشویشناک اورنازک ہے۔
فوجی سربراہ جنرل ایم ایم نرونے نے کہا کہ ہم اس کے بارے میں مستقل طور پرغوروخوض کر رہے ہیں۔ ہم نے اپنی حفاظت کے لیے کچھ احتیاطی تدابیراختیار کی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ہم نے جو تعیناتی کی ہے اس سے ہم اپنی حفاظت کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے مزید کہا کہ کل لیہ کے بعد میں نے مختلف مقامات پرافسروں سے بات کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ فوجیوں کا حوصلہ بہت بلند ہے، وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہمارے فوجی نہ صرف ہندوستانی فوج بلکہ ملک کا نام بھی روشن کریں گے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے فوجی سربراہ جنرل منوج مکند نرونے سرحد پر چین کے ساتھ کشیدگی کے درمیان آپریشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے لداخ کے دو روزہ دورے پر ہیں۔
جنرل نرونے جمعرات کی صبح لیہ پہنچ کر وہاں موجود اعلی حکام سے بات چیت کی۔ انہوں نے چین کی اسٹریٹجک کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔