کراچی: عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی اپیل پر ملک بھر کی مساجد میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ائمہ و خطبا اور دیگر علمائے کرام نے کہا ہے کہ تحفظ ختم نبوت، عظمت صحابہ و اہلِ بیت اور پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کراچی کے امیر مولانا محمد اعجاز مصطفیٰ، مرکزی مبلغ مولانا قاضی احسان احمد اور دیگر علما نے جمعہ کے اجتماعات میں ہزاروں مسلمانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اسلام کے ساتھ ہی اس کی بقا وابستہ ہے۔ ختم نبوت کے قانون کے لیے ہزاروں مسلمانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
علما نے کہا کہ قادیانی ختم نبوت کے منکر اور آئین پاکستان کو تسلیم کرنے سے سراسر انکاری ہیں۔ حالیہ توہین آمیز واقعات کی کڑی بھی انہی سے جا ملتی ہے، مسلمان باہمی اختلافات کو نظر انداز کر کے خاتم النبيين حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم آپ کے صحابہ و اہلِ بیت کی عظمت و ناموس کے لیے متحد ہو جائیں اور ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کو ناکام بنائیں۔
علمائے کرام نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت عظمت صحابہ و حرمت اہلِ بیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنائیں گے۔ ملک میں توہینِ صحابہ کے واقعات پر مبلغین ختم نبوت اور علمائے کرام کا کہنا تھا کہ صحابہ کرام کی عظمت قرآن نے بیان کی ہے، اصحابِ رسول و اہلِ بیت اطہار حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی نبوت کے گواہ اور ختم نبوت کے سب سے اولین محافظ ہیں اس لیے یہ شخصیات ہمارے ایمان کا حصہ ہیں اور ہم اپنے ایمان پر حملہ قطعاً برداشت نہیں کریں گے۔