برصغیر کے عظیم صوفی شاعر حضر ت بابا بلھے شاہ ؒ کے 263 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات قصور میں شروع ہو گئیں، جو 6 ستمبر کی رات کو اختتام کو پہنچیں گی۔
برصغیر پاک و ہند کے معروف صوفی بزرگ حضرت بابا بلھے شاہ کے سالانہ عرس کا افتتاح صوبائی وزیر اوقاف پنجاب سیّد سعید الحسن شاہ نے کیا۔
تقریبات کا آغاز مزار کو عرق گلاب سے غسل دے کر کیا گیا۔ مزار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی۔ اس موقع پر ملک کی ترقی و سلامتی، کشمیر کے محصورین اور وباؤں و بیماریوں سے بچاؤ کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
خواتین سمیت زائرین کی بڑی تعداد عرس میں شرکت کے لیے آ رہی ہے۔ زائرین بابا بلھے شاہ سے عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
عرس موقع پر ضلعی حکومت نے ہفتے کو مقامی طور پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ عرس کی تقریبات 6 ستمبر کی رات گئے اختتام پذیر ہوں گی۔