اسلام آباد: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، مسئلہ کشمیر کو ایجنڈے سے خارج کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے کو سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے سے خارج کرنے کا بھارت کا مطالبہ بے بنیاد قرار دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے "بھارت پاکستان سوال” کے ایجنڈے آئٹم کے تحت مسئلہ کشمیر کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی مطالبے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ایک ممبر نے کہا کہ کوئی ریاست یکطرفہ طور پر ایجنڈے کو تبدیل نہیں کر سکتی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایجنڈے کی تشکیل قواعد و ضوابط کے مطابق کی گئی ہے۔ صرف 15 رکنی کونسل کے اتفاق رائے سے ہی اسے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔