ایم کیو ایم کے رہنما و وفاقی وزیرامین الحق نے کہاہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے،کراچی کیلیے پیکیج کوئی احسان نہیں ،یہ ترقیاتی پیکیج کراچی کے عوام کا حق ہے،جو پیسہ خرچ ہو گا اگلے 3 سال میں کراچی کماکرواپس بھی کردے گا۔
ایم کیو ایم کے رہنما اوروفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہاکہ اسد عمرکی بات بہت مناسب تھی،میں سمجھتا ہوں کہ کراچی کیلیے پیکیج کوئی احسان نہیں،یہ ترقیاتی پیکیج کراچی کے عوام کا حق ہے،جو پیسہ خرچ ہو گا اگلے 3 سال میں کراچی کماکرواپس بھی کردے گا۔
انہوں نے کہاکہ یہ پیکیج ماضی میں دیے گئے پیکیج سے مختلف ہوگا،اس وقت تمام لوگ ایک پیج پر ہیں ،ماضی کی تلخی کو بھول کرآگے بڑھ کر کام کرناہوگا،کراچی پر سپریم کورٹ کی ہدایات بھی موجود ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ایم کیوایم کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ،ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے مردم شماری پربات کی ،ہماری خواہش ہے کہ مردم شماری پر تحفظات کو جلد دور کیا جائے ،لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں تبدیلی ہوناچاہئے،میئر ناکام ہونے کا مطلب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی ناکامی ہے۔