پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کیلیے تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں اعزازات دینے کی تقریب ہوئی جس میں چالیس افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری اور 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ چھ ستمبر انیس سو پینسٹھ تاریخ کا لازوال باب ہے، یہ صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمارے حوصلے کی پہچان بھی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دُشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں۔ ہمارے ہمسایہ ملک نے ہمیشہ کی طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ اگر ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
آرمی چیف نے کہاہے کہ ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر چیلنج مسلط کیا گیا ہے اس کا مقصد ملک اور افواج پاکستان کو بدنام کر کے انتشار پھیلانا ہے ، ہم اس خطرے سے باخوبی آگاہ ہیں ، اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم انشاءاللہ ضرور کامیاب ہوں گے ۔
جنرل باجوہ نے کہاکہ پاک فوج اپنی قوم کی حفاظت اور خدمت کو انتہائی مقدس فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہے ،پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،، کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا ہے،آج کا پاکستان پر امن پاکستان ہے ،ہمیں اس امن کو خوشحالی میں تبدیل کرناہے ، بحیثیت قوم اس لیے ہمیں جدوجہد کرنا ہو گی ، اتحاد ،ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپنا ہوگا ، اپنے قائد کے فرمان کام ،کام اور بس کام کو اپنا نا ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں۔ اسی لیے آج ہم اپنے شہدا اور غازیوں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اوران کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ اُن کی جرات، بہادری اور قربانیوں کی بدولت ہماری آزادی، خود مختاری، امن و سلامتی قائم ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج کی تقریب میں اعزازات حاصل کرنے والے جوانوں کو مبارک پیش کرتاہوں ، آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پاکستان فوج کی اعلیٰ روایات کو مقدم رکھتے ہوئے جس پیشہ وارانہ معیارکا ثبوت دیاہے ہم سب کو آپ پر ناز ہے ، آپ کے سینوں پر سجائے جانے والے میڈل نا صرف آپ کیلیے بلکہ ہمارے لیے باعث افتخار ہیں ۔