آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 40 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری سے نوازا ہے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز( آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں آرمی چیف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں شہدا کے اہل خانہ، غازیوں اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی، اس موقع پر ایک نوجوان کو یونائیٹڈنیشنل میڈل سے نوازا گیا ۔
آرمی چیف نے جرات کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں اعزات سے نوازا، شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔
جنرل قمر باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ شہید ہمارے ہیروز ہیں، شہدا کے اہل خانہ کو سلام پیش کر تا ہوں اور انہیں اہل خانہ کو یقین دلاتا ہوں کہ اُن کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو قومیں اپنے ہیروز کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مٹ جایا کرتی ہیں، میں آپ کے جذبہ ایثار کو سلام پیش کرتا ہوں، پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے۔
آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ جس طرح شہدا پوری قوم کا فخر ہیں، اسی طرح آپ بھی ہمارا فخر ہیں، آپ نے پاکستان فوج کی اعلیٰ روایت کو مقدم رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ اعزازات حاصل کرنے والے آفیسرز، جونیئرز، کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ کے سینوں پر سجائے جانے والے میڈلز، نہ صرف آپ بلکہ ہم سب کے لیے باعث افتخار ہیں۔