کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کا راج ختم ہوچکا ہے اور اب یہاں ترقی و خوش حالی کا دور شروع ہوگا۔
کراچی کے اضلاع وسطی و غربی میں بارش متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کو اب جیالے چلائیں گے اور شہر کے بنیادی مسائل حل کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائین کی وجہ سے ڈرینیج کا سسٹم بری طرح متاثر ہوا ہے، جسے ٹھیک کرنا ہے۔ نالوں کو صاف کریں گے مگر کام انصاف کے ساتھ کریں گے۔ آپ کسی کا گھر نہیں گرائیں گے، جب تک آپ متاثرین کو متبادل گھر فراہم نہیں کرتے۔
انہوں نے عوام کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت آپ کے ساتھ ہے، بارش متاثرین کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔ اگر عوام ساتھ دیں تو ہم وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کا حق چھین کر لیں گےاور سپریم کورٹ کو بھی درخواست کریں گے کہ وہ کراچی کا رکھا ہوا پیسہ حکومتِ سندھ کے حوالے کرے تاکہ عوام کو درپیش مسائل حل کیئے جاسکیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن تھا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو تو یوں مشہور تھیں کہ “بینظیر آئے گی، روزگار لائے گی”۔ عوام کی خدمت کرنے کا وُہ مشن اب ہمارا مشن ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے آج قوم کی جانب سے یومِ دفاع منائے جانے کے موقعے پر نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے اپنے دورِ صدارت کے دوران فوجی جوانوں کی تنخواہوں میں 175 فیصد اضافہ کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کی وفاق میں حکومت ہونا ضروری ہے، تاکہ صوبوں کو این ایف سی کا حق ملے، تنخواہوں و پینشنز میں اضافہ ہو، اور عوام کو روزگار ملے۔