یکساں نصاب تعلیم ایک بہت بڑا قدم ہے،فائل فوٹو
یکساں نصاب تعلیم ایک بہت بڑا قدم ہے،فائل فوٹو

نویں، دسویں، کالجز اور یونیورسٹیز15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ

ملک بھر میں تعیلمی ادارے مرحلہ وار کھلیں گے، وفاق اور صوبوں نے 15 ستمبر سے یونیورسٹیز اور کالجز کھولنے پراتفاق کرلیا، تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی منظوری نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر دے گا۔

وفاقی وزیر شفقت محمود کی زیر صدارت وزارت تعلیم میں الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس اسلام آباد میں ہوئی۔ تمام صوبوں نے تعلیمی سرگرمیاں مرحلہ وار شروع کرنے پر اتفاق کیا، 15 ستمبر سے یونیورسٹیز اور کالج کے ساتھ ساتھ نویں اور دسویں جماعت کی کلاسز کا آغاز ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں 22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت اور30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسز کھول دی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم نے کورونا سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا، صوبائی وزرائے اعلی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین، سول اور عسکری اداروں کے حکام شریک ہوںگے، کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، این سی او سی کورونا کے اعدادوشمار پر بریفنگ دے گی۔

ذرائع کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق صوبائی حکومتوں کی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود تجاویز اور ایس او پیز پر بریفنگ دیں گے، قومی رابطہ کمیٹی تجاویز کی روشنی میں حتمی فیصلہ کرے گی۔