کراچی کے علاقے محمود آباد میں خودکشی کے پراسرار واقعے میں گھر سے خاتون کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جب کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کرلاش اپنے قبضے میں لے کر شک کی بنا پر خاتون کے شوہر کو دوست سمیت حراست میں لے لیا۔
ایس ایچ او بلوچ کالونی زبیر نوازنے بتایا کہ محمود آباد نمبر5 گلی نمبر 27 سی مکان نمبر 805 کی تیسری منزل پر رہائش پذیر24 سالہ اریبہ زوجہ شمشاد کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی تھی جس کی چند ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، متوفیہ کے گلے میں ڈوپٹے کا پھندا لگا ہوا تھا تاہم جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے پولیس شواہد قبضے میں لے کر شک کی بنا پر متوفیہ کے شوہر شمشاد اوردوست سعد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔
انھوں نے بتایا کہ متوفیہ کے جسم پر نیل پڑے ہوئے ہیں اور تحقیقات کے دوران متوفیہ کے شوہرکی گردن پر ناخن لگنے سے آنے والی خراشیں بھی پائی گئی ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ متوفیہ کی والدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ خودکشی نہیں قتل ہے جس میں ان کا داماد ملوث ہے اوران ہی کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کیا جا رہا ہے ،اس کے شوہر کی اسٹیٹ ایجنسی ہے اوراس کا کہنا ہے کہ وہ جب گھر میں داخل ہوا تو اریبہ کی لاش پنکھے سے لٹک رہی تھی جسے اس نے نیچے اتارا ، متوفیہ اریبہ کی شمشاد احمد سے دوسری شادی تھی جبکہ پہلے شوہر سے اس نے طلاق لے لی تھی۔