کراچی: پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سندھ نے صوبے کے 15 اضلاع میں سیلابی صورتحال کے باعث فلڈ وارننگ جاری کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج کے مقام سے بڑا سیلابی ریلا گزر رہا ہے جس کی وجہ سے دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر اونچے درجے جب کہ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں 548 کیوسک کا ریلا گزرے گا جب کہ اس مقام پر 1200 کیوسک پانی گزرنے کی گنجائش ہے۔
پی ایم ڈی اے نے صوبے بھر کے 15 اضلاع میں ہائی الرٹ اور فلڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے کشمور، گھوٹکی،سکھر،لاڑکانہ ،دادو، خیرپور، شکارپور، نوشہروفیروز، جامشورو، مٹیاری اور شہید بے نظیر آباد اور خیرپور کے ڈپٹی کمشنروں کو مراسلہ جاری کردیا ہے جب کہ حیدرآباد، ٹنڈومحمد خانم ٹھٹہ اور سجاول اضلاع میں انتظامیہ کو سیلابی صورتحال کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔