مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ نیب احتساب نہیں ،پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ ہے، حکومت نیب کو اپوزیشن کیخلاف سیاسی انتقام کیلئے استعمال کررہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نیب چیئرمین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تک سب مجبور ہیں ،نیب کے لوگ حکومت کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہے ہیں ، نیب ناک پر بیٹھی مکھی نہیں اڑا سکتا، سب اوپر سے ہورہا ہے،حکومت بتاتی ہے کس پر کیس کرنا ہے اور کس پر نہیں ۔
انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن ارکان کی تعداد224 ہے،عوام کو آل پارٹیز کانفرنس سے اچھی خبر ملے گی ،20 ستمبر کو اپوزیشن اپنا لائحہ عمل کااعلان کرے گی ۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا ہے کہ منفی ہتھکنڈے اپوزیشن کا راستہ نہیں روک سکتے ،اپوزیشن رہنماﺅں کو دوران انکوائری گرفتار کرلیا جاتا ہے ،بلین ٹری سونامی پر کسی کو گرفتار نہیں کیاگیا۔
راناثنا اللہ نے کہاکہ گڈگورننس کی پاداش میں پانچویں آئی جی کو تبدیل کیاگیا،انعام غنی کوجانتا ہوں وہ ایماندار آفیسر ہیں ،انعام غنی نے فیصل آباد میں کام کیا ہے وہ قابل احترام ہیں ،انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کا فیصلہ درست ہے نوازشریف اپنا علاج مکمل کرائیں ۔