سیکیورٹی اداروں نے علاقے اورجائے حادثہ کی طرف جانیوالے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی۔فائل فوٹو
سیکیورٹی اداروں نے علاقے اورجائے حادثہ کی طرف جانیوالے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی۔فائل فوٹو

اردن کے اسلحہ ڈپو میں خوفناک دھماکے۔ آواز30 کلومیٹر تک سنائی دی

اردن کے ایک ملٹری ویئرہاﺅس میں جمعہ کی صبح زوردار دھماکے ہوئے اورآگ کے شعلے دکھائی دیے جس کی تصدیق وزیرمملکت برائے اطلاعات امجد الدیلہ نے بھی کردی اوربتایا کہ شہرکے شمالی علاقے میں فوج کے اسلحہ ڈپو میں ناکارہ مارٹرگولے پڑے تھے ۔ یہ واقعہ زرقاشہرکے نواح میں پیش آیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق زرقا شہرکے قریب متعدد دھماکوں سے عمارتیں لرزاٹھیں اورکھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ واقعے میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

عرب نیوزکے مطابق آرمی نے کہا ہے کہ دھماکہ ایک ایمونیشن ڈیپو میں ہوا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،یہ ڈپو سویلین آبادی سے دور ہے اورایسی اطلاعات ہیں کہ اس دھماکے کی آواز30 کلومیٹر دورتک بھی سنائی دی۔

سیکیورٹی اداروں نے علاقے اورجائے حادثہ کی طرف جانیوالے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی تا کہ شہری دفاع کا عملہ آسانی سے پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی کر سکے اور تحقیقات کیلیے ایک کمیٹی قائم کردی گئی ۔آرمی نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ غیرمصدقہ اطلاعات پرکان نہ دھریں اورمزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔