لاہور: احتساب عدالت نے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ سمیت 10 ملزمان کو ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس میں بری کردیا۔
ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو ایل ڈی اے سٹی کیس میں بڑا ریلیف مل گیا ہے۔ نیب لاہور بیورو نے احد خان چیمہ اور دیگر ملزمان کے خلاف انکوائری بند کرکے احتساب عدالت میں بھی کارروائی ختم کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی۔
عدالت نے تمام ملزمان کے خلاف انویسٹی گیشن بند کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس میں بری کردیا۔ ملزمان پر ایل ڈی اے سٹی میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کرنے کا الزام تھا۔
احد چیمہ کو 21 فروری 2018 کو غیر قانونی طور پر پلاٹ الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر نیب لاہور نے گرفتار کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی کیس میں ضمانت منظور کی تھی لیکن وہ آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔