ایڈیشنل سیشن جج جہانگیراعوان نے ریڈزون میں جھگڑے پر فائرنگ کی تھی۔فائل فوٹو
ایڈیشنل سیشن جج جہانگیراعوان نے ریڈزون میں جھگڑے پر فائرنگ کی تھی۔فائل فوٹو

جج ملک جہانگیر سے جھگڑے کی ویڈیو وائرل

ریڈ زون میں پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر چوہدری خرم اور ایڈیشنل سیشن جج میں ہاتھا پائی اور مارکٹائی ہوئی۔

سوشل میڈیا پر پٹرول پمپ پر ہونے والے اس جھگڑے کی ویڈیو وائرل ہو چکی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید رنگ کی بڑی گاڑی اچانک سے آ کر رکتی ہے اوراس میں سے ایک شخص اترکر سیدھا سامنے کھڑی سفید رنگ کی گاڑی میں بیٹھے شخص پر حملہ کر دیتاہے تاہم اس کے بعد مجبور ی میں وہ شخص اپنی جان کی حفاظت کرنے کیلیے ہوائی فائرنگ کرتا ہے۔

جج ملک جہانگیر جیسے ہی پستول کھڑکی سے باہر نکال کر ہوائی فائرکرتے ہیں تو چوہدری خرم گاڑی کے آگے دوڑ لگا کر دوسری جانب پٹرول ڈالنے والی مشینوں کے پیچھے جا کر کھڑے ہو جاتے ہیں تاہم چند ہی لمحوں کے بعد کالے رنگ کے لباس میں ملبوس دو افراد بھی آتے دکھائی دیتے ہیں ۔ فائرنگ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پرجائے وقوعہ پر پہنچی اورایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ اپنے ہمراہ چوہدری خرم کو پولیس اسٹیشن لے گئے۔

اس کے بعد کی جج کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جسے سینئر صحافی ارشدشریف نے جاری کیاہے۔

سینئر صحافی ارشد شریف نے ٹویٹر پر جج ملک جہانگیر کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بیڈ پر لیٹے ہیں اور ان کے ناک پر زخم واضح دکھائی دے رہاہے جبکہ ان کی ٹانگ پر بھی پٹی لپٹی ہوئی ہے اور وہ بے سدھ بیڈ پر لیٹے ہوئے ہیں۔