انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے کر پہلے میچ کی شکست کا بدلہ چکاتے ہوئے تین میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابرکردی ۔
تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اوپنر بلے باز جیسن رائے نے عمدہ آغاز کرنے کی کوشش کی لیکن 21 رنز پر رن آئوٹ ہوگئے، جو روٹ نے 39 رنزکی اننگز کھیلی جبکہ کپتان این مورگن سب سے زیادہ 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
چارلس ووکیز نے 26، ٹام کیورین 37 جبکہ عادل رشید نے 35 رنز بنائے اور یوں انگلینڈ کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز 230 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جس کے جواب میں آسٹریلین ٹیم 207 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلین ٹیم کے تین بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کریز پر کھڑا نہ ہوسکا۔کپتان ایرون فنچ اور مارنوس لابوشین کی 107 رنز کی شراکت داری بھی آسٹریلیا کو فتح نہ دلوا سکی۔
آسٹریلین ٹیم کے کپتان ایرون فنچ 73 رنز بنا کر نمایاں رہے لیکن ٹیم کو پھر بھی شکست سے نہ بچا سکے، مارنس لابوشین نے 48 رنزکی اننگ کھیلی جبکہ الیکس کیری نے 36 رنز بنائے، آسٹریلین ٹیم مقررہ اوورز میں 207 رنز بنا کرڈھیر ہو گئی اورانگلینڈ نے یہ میچ 24 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابرکردی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریزکا تیسرا اورفیصلہ کن میچ بدھ کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔