موٹروے پر خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کیس کی تحقیقات کے دوران تیسرا نام بھی سامنے آگیا۔
موٹروے زیادتی کیس میں گرفتار ملزم شفقت نے مزید انکشافات کیے ہیں جس کے مطابق مبینہ ملزم بالا مستری ڈکیتی کی منصوبہ بندی میں شامل رہا۔
ملزم شفقت نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ واردات کیلئے عابد نے مجھے اور بالا مستری کو لاہور بلایا جہاں شاہدرہ میں اکٹھے ہوئے اور دہی بڑے کھائے۔
ملزم کا بیان میں کہنا ہے کہ واردات کیلئے تینوں نکلے لیکن بالامستری راستے سے واپس چلا گیا۔
ملزم شفقت نے بتایا کہ عابد کے ہمراہ ایک ماہ پہلے بھی شیخوپورہ میں دوران ڈکیتی خاتون سے زیادتی کی کوشش کی لیکن پولیس کے موقع پر پہنچ جانے پر زیادتی کیے بغیر فرار ہوگئے۔
ملزم کے بیان کے مطابق موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے بعد ایک رات قلعہ ستار شاہ قیام کیا، اگلے روز میں دیپالپور اور عابد مانگا منڈی باپ کے پاس چلا گیا جب کہ مرکزی ملزم عابد سے آخری رابطہ 3 دن پہلے ہوا۔
خیال رہے کہ پنجاب پولیس کے محکمہ سی ٹی ڈی نے گزشتہ روز گرفتاری دینے والے ملزم وقار الحسن کی نشاندہی پر دیپالپور میں کارروائی کی تھی جہاں سے شفقت نامی شخص کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دیپالپور سے حراست میں لیے گئے ملزم شفقت نے دورانِ تفتیش خاتون سے زیادتی کا اعتراف کرلیا ہے جبکہ عابد تاحال فرار ہے۔