ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے۔پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیرکے ساتھ ثانوی واعلیٰ ثانوی اسکول،کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق کووڈ 19 کے باعث پاکستان میں چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھلنے کا آغازہوگیا۔میٹرک، انٹر اور یونیورسٹی کے طلبا کی کلاسز شروع ہوگئیں۔تعلیمی اداروں میں کرونا سے بچاؤ کےلیے اسپرے کیے گئے ہیں۔
تمام طلبہ طالبات ماسک پہن کر اسکولوں میں آئے، اسکولوں میں صبح کی اسمبلیاں نہیں ہوئیں، تفریح بھی نہیں ہوگی، کلاس رومز جانے سے قبل طلبہ طالبات کا ٹمپریچر بھی چیک کیا گیا، تمام اسکولوں کے مرکزی گیٹ پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
پہلے مرحلے میں نویں، دسویں اورانٹرمیڈیٹ کے طالب علموں کو اسکول اور کالج بلایا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں آٹھویں جماعت کے طلبا کو اسکول آنے کی اجازت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں پرائمری کے بچے اسکول جائیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اوراگلے دن 20 بچوں کواسکول بلایا جائے گا۔
ایس او پیزکے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول نہ بھیجیں، طبیعت خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں اوراگر ٹیسٹ مثبت آئے تو اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔