اریبہ کی طبیعت اسکول آتے وقت بالکل ٹھیک تھی۔فائل فوٹو
اریبہ کی طبیعت اسکول آتے وقت بالکل ٹھیک تھی۔فائل فوٹو

نجی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ سیڑھیوں سے گرکرجاں بحق

عائشہ منزل کے قریب گلبرگ کے نجی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ سیڑھیوں سے گرکرجاں بحق ہوگئی جب کہ طالبہ کو سانس لینے میں بھی دشواری ہورہی تھی۔

نجی ٹی وی کے مطابق گلبرگ کے نجی اسکول میں نویں جماعت کی طالبہ اریبہ جاں بحق ہوگئی،طالبہ کی لاش عباسی شہید ہسپتال منتقل کردی گئی۔

اسکول مالک آصف خان کا کہنا ہے کہ طالبہ اریبہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے نیچے گرگئی تھی جس کے بعد اریبہ کو فوراً نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بتایا وہ انتقال کرگئی ہے، اریبہ سیڑھیوں کے تیسرے اسٹیپ سے سر کے بل گری تھی۔

اسکول مالک آصف خان نے کہا کہ14سالہ اریبہ کی طبیعت اسکول آتے وقت بالکل ٹھیک تھی اور درجہ حرارت بھی نارمل تھا تاہم طالبہ کو ماسک لگانے کے باعث سانس لینے میں دشواری ہورہی تھی۔

دوسری جانب طالبہ کے والدین نےالزام لگایا کہ اسکول انتظامیہ نے غفلت برتی ،بچی کو نہ تو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا اورنہ ہی ہمیں آگاہ کیا گیا۔

ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن نے سیڑھیوں سے گر کر طالبہ کے جاں بحق ہونے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔

ڈائریکٹر جنرل منسوب صدیقی نے تحقیقات کیلئے 2 رکنی ٹیم بنادی،ڈپٹی ڈائریکٹر ستار میمن اور عامر انصاری تحقیقات کریں گے۔

منسوب صدیقی نے کہاکہ جاں بحق طالبہ کی میڈیکل ہسٹری بھی چیک کی جائے گی ، سکول انتظامیہ کی غفلت پائی گئی تو سخت کارروائی کریں گے، ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ تحقیقاتی کمیٹی بچی کے والدین سے بھی ملاقات کرے گی ۔