سابق وزیراعظم نوازشریف کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی جس میں ڈاکٹروں نے نوازشریف کو علاج کیلیے لندن میں ہی رہنے کی تجویز دیدی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نئی میڈیکل رپورٹ میں ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس نے کہاہے کہ نوازشریف علاج کیلیے لندن میں ہسپتال کے قریب رہیں ،نوازشریف سفر سے اجتناب کریں اورہجوم والے مقامات پر مت جائیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ان کو اپنی عمر، پیچیدہ بیماریوں وجہ سے اور کورونا کے حوالے سے عام آدمی سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نوازشریف کے مطابق وہ پاکستان کی جیل میں تنہا قید تھے اوران کی حالت وہاں زیادہ خراب ہوئی ہے۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے نواز شریف کو ہدایت کی ہے کہ وہ معمول کی چہل قدمی جاری رکھیں، وہ ہائی رسک کیٹیگری کے مریض ہیں، ان کے دل کےعلاج کے لیے تمام اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جب کہ کورونا کی وجہ سے نواز شریف سمیت کئی مریضوں کے علاج میں خلل آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کی شریانیں کھولنے کے لیے جلد ہی وقت مقررکیا جائے گا اور ان کے پلیٹیلیٹس کا علاج دل کی بند شریانیں کھولنے کے عمل کے بعد کیا جائے گا۔