کراچی: سپریم کورٹ آف پاکستان کے بار بار احکامات کے باوجود کے الیکٹرک نے شہر قائد بالخصوص مضافاتی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا ہے۔
عدالت عظمیٰ میں کیس کی سماعت سے قبل کراچی کے مضافاتی علاقوں میں یومیہ سات سے آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق کی جاتی تھی لیکن عدالت کی جانب سے کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تنبیہہ کے بعد کے الیکٹرک انتظامیہ پہلے سے بھی زیادہ سرکش ہوگئی ہے اور وہی لوڈ شیڈنگ جو شیڈول کے مطابق کی جاتی تھی اب غیر اعلانیہ طور پر کی جانے لگی ہے صرف یہی نہیں بلکہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی دس سے بارہ گھنٹے کردیا گیا ہے۔
گرمی کے ستائے عوام نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ کے الیکٹرک کو اس کے حال پر چھوڑ دیں ورنہ کے الیکٹرک عوام کو کسی حال کا نہیں چھوڑے گی۔